بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے افتتاح سے محض 24 گھنٹے قبل ریاست راجستھان میں واقع ایک بڑی ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی..
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے افتتاح سے محض 24 گھنٹے قبل ریاست راجستھان میں واقع ایک بڑی ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی۔حکام کے مطابق واقعے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ لگنے کے بعد ریفائنری سے سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ریفائنری ضلع بالوترا کے علاقے پچپدرا میں واقع ہے اور اسے بھارت کا پہلا گرین فیلڈ انٹیگریٹڈ ریفائنری اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس قرار دیا جا رہا ہے۔یہ منصوبہ انڈین آئل کارپوریشن اور حکومتِ راجستھان کا مشترکہ پراجیکٹ ہے۔ اس کا سنگ بنیاد 22 ستمبر 2013 کو اس وقت کی سیاسی قیادت نے رکھا تھا، جبکہ ابتدائی طور پر اس کی لاگت 37 ہزار 230 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی تھی۔بعد ازاں حکومت کی تبدیلی کے بعد 16 جنوری 2018 کو وزیراعظم نریندر مودی نے اس منصوبے کا دوبارہ آغاز کیا، جس کے بعد اس کی لاگت بڑھ کر 43 ہزار 129 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ گئی۔واقعے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کا ریفائنری کے افتتاح کا پروگرام عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔





